وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور گوادر میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے دوران شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے اور شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور عزم استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہید میجر وجاہت وحید نے وطن کے دفاع میں جان قربان کی، قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان
10










