مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دہشت گردوں کے پشت پناہوں کی حمایت افسوسناک ہے، مریم نواز

34

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سیاست دان کی جانب سے دہشت گردی کی پشت پنای کرنے والوں اور خیبرپختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت کرنا افسوس ناک ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ کے حوالے سے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاست دان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوس ناک ہے
انہوں نے کہا کہ جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا 13 سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے، الٹا دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پالا پوسا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور اپنے صوبے کی زمین فراہم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے، وہاں کے عوام کی زندگیاں تباہ و برباد کر دیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کر دیا، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاج پرخرچ کر دیے اور 13 قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں